وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ ایران کے دوران تاجکستان کے صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

93
وزیر اعظم شہباز شریف کا ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین
وزیر اعظم شہباز شریف کا ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین

تہران۔23مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ ایران کے دوران مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی تقریب میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کی تعزیت کے لئے ایران کے ایک روزہ دورے پر گئے۔اس موقع پر وزیر اعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوو نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذر بائیجان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے باکو میں ہونے والی 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کی کامیابی کے لئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ملاقات میں پاک قطر دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اعظم نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ملاقاتوں میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کی تعینات کردہ انتظامی اسمبلی ’’مجمع تشخیص مصلحت نظام‘‘ کے رکن احمدی نژاد سے بھی ملاقات کی۔