وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ، پی ٹی ڈی سی کو سیاحت کے فروغ کے لئے فوری عملی اقدامات کی ہدایت

41
Tourism promotion
Tourism promotion

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی ڈی سی کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹورازم زون بنائے جائیں، پاکستان کو ایک ٹورازم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کرایا جائے، صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں، ملکی ترقی کے وژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے ۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا حتیٰ کہ میدان اور ریگستانی علاقے اور ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ٹورازم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کرایا جائے، صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے وژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔ وزیراعظم نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی) کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹورازم زون بنائے جائیں، بین الاقوامی سیاحوں کی پاکستان کے سیاحتی مقام پر آمدورفت کو سہل بنانے کے لئے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں، اندرون ملک سیاحت اور ملکی سیاحوں کی تفریحی مقامات پر آمد کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ، ٹورازم سیکٹر میں مستقل سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں شعبہ سیاحت کی استعداد کو بروئے کار لانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے شمالی علاقوں جیسے سیاحتی مقامات کی تشہیر، میڈیکل ٹورازم اور دیگر اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا ء اللہ، معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔