وزیراعظم شہباز شریف کی سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

171
مریم اورنگزیب

لندن ۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کے درمیان جمعہ کو ملاقات ہوئی۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ٹویٹ کے مطابق ملاقات دولت مشترکہ کے نئے سربراہ کنگ چارلس سوئم کا خیرمقدم کرنے کے لئے لندن میں منعقدہ دولت مشترکہ کے رہنمائوں کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سیکرٹری جنرل اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ تنظیم کو ماحولیاتی تبدیلی اور نوجوانوں کے کردار کو بڑھانے جیسے شعبوں میں زیادہ موثر بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دسویں کامن ویلتھ وزارتی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس پاکستان میں غیر معمولی سیلاب کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا، سیلاب سے پاکستان کی معیشت اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے باضابطہ دورہ کی بھی دعوت دی۔ سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔