اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو دیئے گئے ریلیف پیکج پر عملدرآمد کو یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی میں پسے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے وزیرِاعظم کو پہلے کابینہ اجلاس میں ملکی ترقی کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنے کے عزم پر مبارکباد دی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے وزیرِاعظم کو سندھ کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو دیئے گئے ریلیف پیکج پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کیلئے صوبے اور وفاق مل کر کام کریں گے۔