وزیراعظم شہبازشریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات

100

پیرس ۔22جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے ، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے، موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کی۔

دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پذیر ممالک پر معاشی دبائومزید بڑھا گیا ہے، ترقی پذیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔