کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان کی معاشی طورپر مضبوطی پر دنیا حیران ہے ،وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے معاشی روڈ میپ ملکی معیشت کو مضبوطی کی طرف لے جانے کا وژن ہے ،قائد میاں محمدنوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف کے واضح وژن سے پاکستان مسائل کے گڑھ سے نکل کر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں بننے والی موجودہ حکومت نے انتہائی کم وقت میں درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ،پاکستان اس سے قبل مسلط کردہ نااہل شخص کی وجہ سے مسائلستان بنا ہوا تھا ،ملکی معیشت تباہ ،بے روزگاری میں اضافہ اور مہنگائی عروج پر تھی لیکن آج قائد میاں محمدنوازشریف کے وژن اور وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے عوامی مسائل کے حل پر قابو پانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے ملکی معیشت کی مضبوطی پر دنیا حیران ہے بلکہ وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے ملکی معیشت کے حوالے سے روڈ میپ مضبوط معیشت کی طرف جانے کا وژن ہے اور اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وفاقی حکومت ٹھوس اقدامات کریگی ۔
جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان کو دنیا کی مضبوط معاشی مملکت بنانے کیلئے پرعزم ہے ،پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ(ن) کی قیادت ایک واضح وژن کے تحت کام کررہی ہے ۔