وزیراعظم عمران خان 14 ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی عرب روانہ ہو گئے

62

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان 14 ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے جمعرات کو سعودی عرب روانہ ہو گئے، سربراہ اجلاس 31 مئی کو مکہ مکرمہ میں منعقد ہوگا، سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز السعود کی میزبانی میں ”مستقبل کے لئے یکجا“ کے موضوع پر منعقد ہونے والی سربراہ کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس کا مقصد خلیج میں ابھرتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں مسلم رہنماﺅں کا یکساں موقف وضع کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سربراہ اجلاس اوآئی سی رکن ممالک کو اپنے خیالات کے اظہار اور اسلامی ممالک کے مفاد پرمبنی سیاسی، معاشی اور سلامتی سے متعلق امور پر غور کا قیمتی موقع فراہم کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ وزیراعظم دیگر معاملات کے علاوہ امہ کے اتحاد ویکجہتی کے ناگزیر تقاضے اور جموں وکشمیرکے تنازعے، اسلام مخالف بڑھتے رجحانات، تعلیم اور سائنسی ترقی جیسے امورکے لئے حمایت پر توجہ مرکوز کریںگے۔ 2019ءاوآئی سی کے قیام کی 50ویں سالگرہ کا برس بھی ہے۔ 1969ءمیں قائم ہونے والی او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے جس میں ایک چوتھائی سے زیادہ لوگ شامل ہے جن کا مجموعی جی ڈی پی 19.4 ٹریلین ہے۔ بانی ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے پاکستان نے مسلمانوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور تنظیم کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اوآئی سی نے اپنی قراردادوں، اعلامیوں اور مراسلوں کے ذریعے جموں وکشمیر پر پاکستان کے مو¿قف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ 14ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس سے قبل اوآئی سی وزراءخارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں۔ انہوں نے جدہ میں وزرائے خارجہ کی او آئی سی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی جس میں مکہ سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔