ماسکو۔24فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات اور بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے اور تجارت ، سرمایہ کاری، ریلوے اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ بین الحکومتی کمیشن مختلف منصوبوں پر مزید پیش رفت کیلئے انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے۔
روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے جمعرات کو وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان روس اقتصادی تعلقات اورتوانائی کے شعبے میں تعاون کے خصوصی حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ روسی کمپنیاں اور کاروباری افراد پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے درمیان فلیگ شپ اقتصادی منصوبے کے طور پر پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے توانائی سے متعلق ممکنہ منصوبوں پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ریلوے سمیت شعبوں میں تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الحکومتی کمیشن مخصوص منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے عشائیہ پر پاکستان اور روس کے ممتاز کاروباری افراد کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ سے زائد کی مارکیٹ کے طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس سے میٹالرجیکل، توانائی، تعمیرات اور تیل و گیس کمپنیوں کے لیے پاکستان میں بڑے پیمانے پر مواقع سے استفادے میں مدد ملے گی۔
تقریب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ روس کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے کریملن میں صدر پیوٹن سے بھی ملاقات کی۔