اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، میئر چا ہے کسی بھی پارٹی سے ہو وہ بااختیار ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی اور چوہدری فواد حسین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویے اس طرح نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں قوم کو اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑےشہروں کے میئر بااختیار ہوں گے، میئر چا ہے کسی بھی پارٹی سے ہو وہ بااختیار ہو گا۔