وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں منعقد ہونے والے 14ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے

99

اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں 31 مئی 2019ءکو منعقد ہونے والے 14ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سربراہ اجلاس اوآئی سی رکن ممالک کو اپنے خیالات کے اظہار اور اسلامی ممالک کے مفاد پرمبنی سیاسی، معاشی اور سلامتی سے متعلق امور پر غور کا قیمتی موقع فراہم کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ وزیراعظم دیگر معاملات کے علاوہ امہ کے اتحاد ویکجہتی کے ناگزیر تقاضے اور جموں وکشمیرکے تنازعے، اسلام مخالف بڑھتے رجحانات، تعلیم اور سائنسی ترقی جیسے امورکے لئے حمایت پر توجہ مرکوز کریںگے۔ 2019ءاوآئی سی کے قیام کی 50ویں سالگرہ کا برس بھی ہے۔ 1969ءمیں قائم ہونے والی او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے جس میں ایک چوتھائی سے زیادہ لوگ شامل ہے جن کا مجموعی جی ڈی پی 19.4 ٹریلین ہے۔ بانی ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے پاکستان نے مسلمانوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور تنظیم کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اوآئی سی نے اپنی قراردادوں، اعلامیوں اور مراسلوں کے ذریعے جموں وکشمیر پر پاکستان کے مو¿قف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ 14ویں اوآئی سی سربراہ اجلاس سے قبل 29 مئی 2019ءکو اوآئی سی وزراءخارجہ کونسل کا اجلاس ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اوآئی سی وزراءخارجہ کونسل میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیںجہاں جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب اور اوآئی سی ممالک کے اپنے ہم مناصب سے ملاقاتیں ان کی مصروفیات میں شامل ہیں۔