وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم علیور غنیوف کی ملاقات

159
Deputy Prime Minister of Uzbekistan, Mr. Elyor Ganiev calls on Prime Minister Imran Khan at PM Office Islamabad on 27th May, 2019 (2 Photos)

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وسطی ایشیاءمیں گہرے روابط استوار کرنے کے وژن کے تحت پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاسی، معاشی، توانائی اور ثقافتی اشتراک کار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تجارتی، اقتصادی اور توانائی تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ازبکستان کے نائب وزیراعظم علیور غنیوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وفد کے ہمراہ وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تجارتی، اقتصادی اور توانائی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ازبک صدر سخاوت مرزوف کے ساتھ اپریل 2019ءمیں بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا جس میں دوطرفہ تعلقات اور روابط پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ازبک نائب وزیراعظم نے ازبک صدر کی طرف سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور ٹرانسپورٹ ریلوے کوریڈور۔ ازبک۔ مزار۔ شریف۔ کابل۔ پشاور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے بریفنگ کوسراہتے ہوئے اتفاق کیا کہ ریل رابطوں سے نہ صرف پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو فائدہ ہو گا بلکہ خطے کے چین، دولت مشترکہ ریاستوں اور یورپ کے ساتھ مواصلاتی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے وسطی ایشیاءمیں گہرے روابط کے لئے پاکستان کے وژن کے تحت پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاسی، معاشی، توانائی اور ثقافتی اشتراک کار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔