وزیراعظم عمران خان سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سیلمان پور کی ملاقات

83
APP94-13 ISLAMABAD: March 13 - Secretary General Economic Cooperation Organization (ECO) Dr. Hadi Soleimanpour called on Prime Minister Imran Khan at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سیلمان پور نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ای سی او کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور علاقائی سماجی روابط کے فروغ، تجارت کو آزاد بنانے اور ایک دوسرے سے وسیع تر رابطہ کاری کیلئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا یہ اسلام آباد کا پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے ای سی او کو متحرک اور فعال بنانے کے سلسلہ میں اپنے خیالات سے وزیراعظم کو آگاہ کرنے کیلئے ملاقات کا موقع دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ممبر ممالک کے مابین تعلیم کے میدان میں تعاون اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور مختلف شعبوں میں اہم معاہدوں پر عملدرآمد کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے ای سی او کے کردار کو سراہا اور تنظیم کو درپیش چیلنجوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کو اپنی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ہادی کی قیادت میں تنظیم اپنے مقاصد اور اہداف حاصل کرے گی۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کے اصلاحاتی ایجنڈے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ڈاکٹر ہادی اسلام آباد کے تین روزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔