ترکی کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

175

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ترکی کے غیر معمولی سیاسی تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ترکی کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر ترکی کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور بھارتی اقدامات کو امن و سلامتی کیلئے خطرناک قرار دیا۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور تشدد میں کمی کے ذریعے جنگ بندی اور افغان مسئلہ کے وسیع البنیاد سیاسی حل کیلئے تمام افغان فریقین کیلئے اس کی اہمیت کا ذکر کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف کام کرنے اور حضور اکرم کی ذات مبارک کے ساتھ مسلمانوں کی عقیدت کو بہتر طریقہ سے سمجھنے کی اہمیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں اور دونوں ممالک اور عوام کے باہمی فائدے کیلئے دوطرفہ سٹرٹیجک تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔