نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے سوئس کنفیڈریشن کے صدر یاﺅلی ماﺅرر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی‘ تجارتی اور اقتصادی تعلقات سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنما¶ں کے درمیان یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے باہمی علاقائی اور دو طرفہ دلچسپی کے کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سوئس کنفیڈریشن کے صدر کو بھارتی جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال بالخصوص انسانی حقوق اور انسانیت سوز صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 50 دنوں سے جاری کرفیو اور دیگر پابندیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔