وزیراعظم عمران خان سے وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال کی ملاقات

37

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور ملک میں کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، وزیراعظم عمران خان سے جمعہ کو پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو پنجاب میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور ملک میں کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم نے میانوالی میں صنعتی اسٹیٹ قائم کرنے کے لیے فزیبلٹی کی بھی ہدایت کی تاکہ سیمنٹ ، شیشہ اور سٹیل کی صنعتوں کی ترقی کے لیے اس کے وافر قدرتی وسائل کو استعمال کیا جا سکے۔

یہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا کر کے پورے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔