اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین بھی شریک تھے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو کراچی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی این ڈی ایم اے کو کراچی میں برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت اور کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔