وزیراعظم عمران خان عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، شہریوں کا سروے میں اظہار رائے

84

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) شہریوں نے حکومت کی جانب سے عوام کے لئے صحت سہولت پروگرام کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے غریب خاندانوں کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم ہو سکیں گی، وزیراعظم عمران خان عوام کو صحت، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، موجودہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بہتر کام کر رہی ہے جس سے عام آدمی کی زندگی پر بہت بہتر اثرات مرتب ہوںگے۔ منگل کو ”اے پی پی“ کی جانب سے کئے گئے سروے میں شہریوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشاررہنما ہیں جو اپنی 22 سالہ جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچے، ان کی صحت کے شعبہ میں خدمات قابل تعریف ہیں۔ نسرین اختر نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے صحت عامہ کے شعبہ میں مسلسل بہتری آرہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال میں اچانک چھاپے مار کر عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی گئی سہولیات کا خود جائزہ لینا اس بات کا عین ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الوقت معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جن کے نتائج آنے والے دنوں میں نظر آئیں گے۔ ایک اور شہری اظہر علی نے کہا کہ وزیر صحت عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر خود بھی نظر رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کی حالت ماضی کی نسبت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا اجراءبھی انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس کی وجہ سے غریب افراد کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں آسانی بھی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کی جانب سے اس پروگرام کی نگرانی کرنا قابل ستائش اقدام ہے۔ ڈاکٹر وسیم خواجہ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پورے پاکستان میں 15 لاکھ خاندانوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اسلام آباد کے 85 ہزار غریب خاندان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور وہ خود اس پروگرام کی بھرپور نگرانی کر رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ عوام میسر سہولیات سے مطمئن بھی ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو طے شدہ معیار کے مطابق پینل پر لیا گیا ہے۔