وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرکے اپوزیشن پر بم گرایاہے،معاون خصوصی علی نواز اعوان کی میڈیاسے گفتگو

62

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں مہنگائی کے باوجود اپنے عوام کا سوچا ، ریلیف پیکیج کا اعلان کرکے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر بم گرایاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کے ہمراہ "شکریہ عمران خان” تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں مہنگائی کے باوجود اپنے عوام کا سوچا ، عوام کو ریلیف دینے پر اپوزیشن کو تکلیف ہوئی ہے ، ریلیف پیکیج کا اعلان کرکے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر بم گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد وزیراعظم عمران خان کے خلاف نہیں شہباز شریف اور مریم نواز ایک دوسرے کے خلاف لائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا وائرس کے باوجود عوام کی بہتری کے لئے تاریخی اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کریں ، وزیراعظم عمران خان گھبرانے والے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیڑھ لاکھ گریجویٹس کے بارے میں سوچا اور ان کے لئے پیکیج کا اعلان کیا ، عمران خان اپنی سیاست کا نہیں ملک و قوم کا سوچتے ہیں۔