اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان آگ اور خون کے ایک دریا سے ہو کر نکلی ہے، ہم نے ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کے نتیجے میں ہم نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی، ہندوستان کی ریشہ دوانیوں کو بھی مکمل ختم کیا، اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے آج جو اصول وضع کئے وہ یہی اصول ہیں کہ ہم اپنے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان لوگوں کو واپس راستے پر لا سکیں جو اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر پاکستان کے راستے سے جدا ہوگئے تھے تاکہ وہ ایک عام شہری کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار سکیں۔
جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بیان کو لے کر کا فی گفتگو ہورہی ہے، ضروری ہے کہ اس کا ایک پس منظر عوام کے سامنے رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ آج پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط و پرعزم کھڑا ہے۔ اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریاست کی پالیسیاں ایک مخصوص پس منظر اور مخصوص حالات کے تحت بنتی ہیں، انہی مخصوص حالات میں بے شمار خاندان اور لوگ جو پاکستان کے ساتھ عہد وفا نہیں نبھا سکے، وہ یہ عہد نبھانے واپس آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 3 ہزار سے زیادہ وہ لوگ جو ناراض تھے اور ہندوستان کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہوئے، وہ واپس آچکے ہیں۔ اسی طریقے سے کالعدم ٹی ٹی پی کے مختلف گروہ ہیں، ان گروہوں میں بھی ایسے لوگ ہیں جو پاکستان کے ساتھ اپنی وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں اور ایک صلح جو، امن پسند اور آئین کو مان کر آگے چلنے کا پیمان کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ریاست کو ایسے لوگوں کو موقع دینا چاہئے کہ وہ زندگی کے دھارے میں واپس آ سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے جو آج اصول وضع کئے ہیں جن کے اوپر ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں، وہ یہی اصول ہیں کہ ہم اپنے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان لوگوں کو جو اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر پاکستان کے راستے سے جدا ہوگئے تھے، کو واپس راستے پر لاسکیں اور وہ پاکستان کے ایک عام شہری کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار سکیں۔