راولپنڈی۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت سے تب تک بات نہیں ہو گی جب تک 5اگست کی پوزیشن پر واپس نہیں آتا ۔ کشمیر کے اوپر پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے ، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن مذاکرات برابری کی سطح پر ہوں گے ، مذاکرات اسی وقت ہوں گے جب کشمیری اس کی حمایت کریں گے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو راولپنڈی میں ایک تقریب کے دوران کیا ، وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیری ایک ذہین قوم ہے ان کو پتہ ہے کہ اپنا راستہ کس طرح بنانا ہے ، پورے ملک میں وہ جہاں جہاں ہے تو وہ اپنی کاز کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی جو فارن پالیسی ہے اس میں کشمیر ہمیشہ مرکزی کردار رہا ہے ، قائداعظم نے بھی کشمیر کو پاکستان کا شہ رگ قرار دیاتھا ، اسی تناظر میں ہماری حکومت بھی کشمیر کے حوالے سے واضح پالیسی رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیرانتخابی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میں خود بھی جائوں گا ۔ ایل اے 43جاوید بٹ ایک رکشہ ڈرائیور ہے ، وزیراعظم عمران خان نے ایک غریب آدمی کو ٹکٹ دیا ہے ہم سب کو چاہئے کہ اس غریب آدمی کو سپورٹ کریں ۔