اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عام لوگوں کو اپنے ساتھ بٹھا کرمسائل سنتے ہوئے تصویر کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ ہے نیا پاکستان‘‘۔ اس تصویر میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو عام لوگوں کو اپنے ساتھ صوفے پر بٹھا کر ان کے مسائل سنتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ تصویر میں تین باریش بزرگ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ایک ہی صوفے پر بیٹھ کر انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ نے اپنے ہاتھوں میں ان کی درخواست تھام رکھی ہے اور ان کے مسائل غور سے سنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عاجزی اور عام لوگوں کے ساتھ قریبی روابط رکھنے سے متاثر ہو کر یہ تصویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اپنے ٹویٹ میں تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ہے نیا پاکستان۔ ایک تصویر ہزار الفاظ سے زیادہ قدرو قیمت کی حامل ہے‘‘۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان حکمران طبقے کے شاہانہ طرز زندگی اور عام لوگوں سے دوری کواپنی تقریروں اور بیانات میں بار بار ہدف تنقید بناتے رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ کفایت شعاری ، سادگی اور عام لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا ہے۔