وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، کورونا وائرس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے،  وزیراعظم عمران خان

75

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، کورونا وائرس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے، ملک کا صحت کا نظام اس کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کا بھی نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ ہسپتالوں کو وافر مقدار میں آکسیجن فراہم کی جائے اور ہسپتالوں کو بھی اس ضمن میں ایک طریقہ کار وضع کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہو رہی ہے کیونکہ ملک میں ایک دن میں ۸۹ اموات ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شہروں میں کورونا وائرس سے متعلق کیسوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیر صنعت حماد اظہر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آکیسجن انڈسٹریزایمرجنسی کی صورتحال میں ہسپتالوں کو مطلوبہ آکیسجن فراہم کریں گی، اس وقت ملک میں ضرورت کے مطابق تین گنا آکسیجن کا اضافی ذخیرہ موجود ہے۔ وفاقی کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے والی چھ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو، دو نجی کمپنیوں کو بیرون ملک مزید پروازیں چلانے کی اجازت دیدی ہے۔وفاقی کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) کی استعداد کار مزید بہتر کرنے کیلئے 6 ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دی۔ ان میں فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، حیدر آباد، پشاور اور کوئٹہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں شامل ہیں۔ کابینہ نے ان کمپنیوں کے بورڈز پر مقامی نمائندے شامل کرنے کی متفقہ منظوری بھی دی۔ کابینہ نے شکیل احمد منگنیجو کی بطورچیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ بحری امور نادرممتاز وڑائچ کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں بطور چیئرمین تعیناتی کی منظوری دی یہ اضافی چارج تین ماہ کے لئے دیا گیا ہے اس دوران ریگولر چیئرمین کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے قومی ایوی ایشن پالیسی 2019ء کے تحت دو نجی پاکستانی ہواباز کمپنیوں بشمول سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو مزید ملکوں میں بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت دی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے قانون سازی کے 18نومبر 2020 کو منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 02 اور 03 دسمبر 2020 کو منعقدہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ڈینٹسٹری میں داخلے کیلئے صوبائی کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے مسلح افواج کے ان اہلکاروں کو 2,500 روپے ماہانہ ایم فل الائونس دینے کی منظوری دی جن کے پاس ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ایم فل کی ڈگری موجود ہے یا وہ مستقبل میں حاصل کریں گے۔ سول ملازمین کو پہلے سے ہی یہ سہولت میسر ہے۔ وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کی تصدیق کے بعد کابینہ کو مالی سال2014-15سے لیکر مالی سال2017-18 تک وفاق اور تمام صوبوں کی مشترکہ مالی تفصیلات رپورٹ پیش کی۔اگلے کابینہ اجلاس میں اس کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابینہ کو حالیہ th 47اوآئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔