اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کوحقیقی فلاحی ریاست بنانے کاوژن رکھتے ہیں وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ملک کے اقتصادی طورپرکمزورطبقات کے معیارزندگی میں نمایاں بہتری لائی جائے اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت کثیرالجہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں کامیاب پاکستان پروگرام کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
معاون خصوصی عثمان ڈا ر،سیکرٹری خزانہ، چئیرمین نیاپاکستان ہاوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بینک آف پنجاب کے صدر، چئیرمین ایچ بی ایل، اخوت کے ایگزیکٹوڈائریکٹر اورنیشنل بینک کے سینئیرایگزیکٹووائس پریزیڈنٹ بھی اجلاس میں شریک تھے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک میں مستحق شہریوں کواحساس پروگرام کے زریعہ معاونت فراہم کی جارہی ہے جو دنیا میں سماجی تحٖفظ کے بڑے پروگراموں میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عوام بالخصوص نوجوانوں کیلئے مواقع کی فراہمی کی خواہش رکھتے ہیں۔
اس مقصد کے حصول کیلئے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز کیا گیاہے۔ اس پروگرام کے تحت کاروبار، کسانوں اورغریب گھرانوں کیلئے چھوٹے قرضے فراہم کئے جائیں گے، شہریوں کوصحت کارڈ دئیے جائیں گے جبکہ لاکھوں افراد کوتکنیکی تربیت فراہم کی جائیگی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ان اقدامات کی تکمیل میں تمام شراکت داروں بشمول بینکوں اوراین جی اوز کوآگے بڑھنا چاہئیے اور کامیاب پاکستان کی چھتری تلے قوم سازی میں اپنا کردار اداکرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہاکہ کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں خوشحالی لانے میں سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ اس سے کاروبارکرنے والے افراد اورکسانوں کوبراہ راست فائدہ پہنچے گا۔اجلاس کے شرکا نے وزیرخزانہ کو کامیاب پاکستان پروگرام کی کامیابی کیلئے مکمل تعاون اورحمایت کایقین دلایا۔