اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹریجنرل انتونیو گیٹرز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سامنے حالیہ واقعات میں 15 معصوم کشمیریوں کی شہادت اور 300 مظاہرین کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں صدر راج کے نفاذ نے صورتحال کو مزید گھمبیر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہی باہمی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہا کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں، خواتین اور بچوں پر جس ریاستی جبر میں ملوث ہے اس کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2018ءکی سفارشات کے مطابق اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن فوری تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی تفتیش کیلئے انکوائری کمیشن بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔