وزیراعظم عمران خان کا الیکٹرونک ووٹنگ اور شوآف ہینڈز سسٹم متعارف کرانے کے فیصلے تاریخی ہین،وفاقی وزیر برائے انسدادمنشیات اعظم خان سواتی

98
وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی کا وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ثانیہ نشتر کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ اور سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈز سسٹم متعارف کرانے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھا رہے ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ کا سسٹم ڈھائی ماہ میں فائنل کر دیا جائے گا، الیکٹرونک ووٹنگ کے سسٹم کو عالمی ادارہ سرٹیفائیڈ کرے گا، پھر نادرا اور الیکشن کمیشن کے ذریعے اس کو رائج کرایا جائے گا، نظام کو حتمی شکل دینے کیلئے 31 جنوری 2021 کی ڈیڈلائن طے کی گئی ہے، اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ایسا نظام متعارف کرایا جا سکے کہ آئندہ کوئی بھی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سینیٹ انتخابات پر انگلی اٹھتی رہی ہے اور بری سے بری ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے، دنیا کے اندر کسی موجودہ حکومت نے سینیٹ سے متعلق آزادانہ طور پر ووٹ کی بات نہیں کی، ملک میں شفاف انتخابات کرانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے اور سب کو انہیں کریڈٹ دینا چاہیے۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم پر اپوزیشن کے اعتراضات بے بنیاد ہیں، سسٹم میں ووٹ کی رازداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کابینہ کے ہر اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے بارے پوچھتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اس سسٹم پر کام ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کی روشنی میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرنے جا رہے ہیں،49 ترامیم پیش کی گئیں تاکہ آئندہ انتخابات کو صاف و شفاف بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا مشترکہ مفادات کونسل سے کوئی تعلق نہیں ہے، انتخابی اصلاحات میں حلقہ بندی آبادی کی بنیاد پر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیت ٹھیک ہے اور ہم ملک سے مافیا کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔