وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب بہت اہم ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اور تاریخی اثرات نظر آئیں گے،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری

89

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب بہت اہم ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اور تاریخی اثرات نظر آئیں گے، وزیراعظم عمران خان سنجیدہ فکر کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اسلامو فوبیا کے مسئلے کا حل نکالنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں سعودی وزیرخارجہ کا پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بیان بہت بڑی پیشرفت ہے۔

اتوار کو پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، روحانی اور دینی تعلقات ہیں، بعض عناصر یہ تاثر پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں جمود اور سرد مہری آ گئی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب اس تاثر کے خاتمے کا باعث ہے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر ہوں اور دونوں ممالک افہام و تفہیم سے آگے چلیں، اس حوالے سے بھی مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور آگے چل کر مزید اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا 2030ءکے نام سے ویژن ہے، وہ صرف تیل کی آمدنی پر انحصار کرنے کی بجائے سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی ترقی کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان فعال کردار ادا کر سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان کے دورے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اس میں پاکستان کو بڑا حصہ ملے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایم او یو سائن ہوا ہے، پاکستان 10 ارب درخت لگانے کے حوالے سے سعودی عرب کی تکنیکی معاونت کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم ثابت ہو گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر اسرائیلی افواج کی جانب سے بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وزیراعظم عمران خان کا مسئلہ فلسطین اور اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے دو ٹوک اور واضح موقف ہے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حق میں سیاسی اور سفارتی محاذ پر آواز اٹھائی اور آگے بھی اٹھاتا رہے گا، وزیراعظم عمران خان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے جو موقف ہے عرب ممالک پر بھی ضرور اثر انداز ہو گا۔