اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اعلیٰ مقام یقینی بنانے کے لئے انتہائی موثر پالیسی لائے گی۔ بدھ کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدارتی امیدوار، پنجاب فٹ بال کونسل کے رکن اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے وزیراعظم عمران خان سے یہاں ملاقات کی اور انہیں آگاہ کیا کہ وہ دسمبر میں ہونے والے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات میں صدارت کے امیدوار ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ فٹ بال کا حقیقی جذبہ رکھنے والا اور موثر منتظم نے اس چیلنج کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ منصوبے رکھتی ہے اور جلد پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار پر دوبارہ لانے کے لئے موثر پالیسی یقینی بنائے گی۔