وزیراعظم عمران خان کا عوام کے نام پیغام

104

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے عوام ٹیکس نہ دیں، پاکستان میں صرف ایک فیصد ٹیکس دہندگان 22 کروڑ عوام کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، ملکی تاریخ کی سب سے آسان ایمنسٹی سکیم سے 30 جون تک فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے اثاثے ڈکلیئر کریں، یہ آپ اور ملک کے لئے انتہائی سود مند ہو گا، یقین دلاتا ہوں کہ ٹیکس کا پیسہ عوام اور ملک پر خرچ ہو گا اور اسے چوری نہیں ہونے دوں گا۔ جمعرات کو عوام کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 22 کروڑ عوام میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس فائلرز ہیں یعنی کے ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں یہ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں کوئی بھی ملک اپنی عوام کی خدمت نہیں کر سکتا ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے ہم لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمت نہیں کر سکتے‘ نہ ہسپتال بنا سکتے ہیں، نہ بچوں کے لئے سکول بنا سکتے ہیں اور نہ ہی انفراسٹرکچر ٹھیک کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام ٹیکس نہیں دیتے تو حکومت کو قرضے لینے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کیلئے ایمنسٹی سکیم لیکر آئے ہیں جو اپنے اثاثوں کو ڈکلیئر کرنے کی سب سے آسان سکیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اثاثے ڈکلیئر کرنے کا 30 جون تک وقت ہے کہ جو بھی آپ کے بے نامی پراپرٹی پڑی ہیں، بینک اکاﺅنٹس پڑے ہیں، ان سب کو آپ ڈکلیئر کر دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آپ کو ایک ایسا موقع مل رہا ہے جو کہ 30 جون کے بعد آپ کو نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے پاس آپ کے اثاثوں سے متعلق تمام انفارمیشن آ چکی ہے کہ آپ کے ملک کے اندر اور باہر کتنے اثاثے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زیادہ اچھا ہے کہ آپ اپنے پاکستان کی خدمت کریں اور اپنے اثاثوں کو ڈکلیئر کر دیں۔ اس سے یہ ہو گا کہ ہم اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کر سکتے ہیں، ہم اپنے ملک کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کر سکتے ہیں، ہم اپنے غریب لوگوں کو اوپر اٹھا سکتے ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آپ بھی سکون کی نیند سو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ اس فکر سے نجات حاصل کرلیں کہ کوئی ادارہ آپ کو تنگ کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اثاثے ڈکلیئر کرنے سے ملک پر جو معاشی طور پر مشکل وقت آیا ہوا اس سے باہرنکل آئے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ عوام اور ملک پر خرچ ہو گا اور میں آپ کو گارنٹی دیتا ہوں کہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ چوری نہیں ہونے دوں گا۔