وزیراعظم عمران خان کا نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

125

میانوالی ۔ 19 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ملک کی ترقی میں کرپشن کو بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک ملک میں احتساب صرف پٹواری، تھانیدار اور غریب شخص کا ہوا ہے، پہلی مرتبہ طاقتور شخصیات پر ہاتھ ڈالا گیا ہے، بیرون ممالک سے سفارشیں کرانے یا دھمکیوں کے باوجود احتساب کا عمل نہیں رکے گا، حکومت اور 22 کروڑ عوام کرپشن کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے، 22 سالوں سے انتظار کر رہا تھا کہ اللہ مجھے ایک مرتبہ موقع دے تو ملک کو مقروض کرنے اور لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی ہو سکے، گزشتہ دس سالوں میں ریکارڈ بیرونی قرض لے کر میٹرو سمیت دیگر خسارے والے منصوبے بنائے گئے۔ جمعہ کو نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے نے نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہسپتال کی تعمیر کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تختی کی نقاب کشائی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہاں تعلیمی ادارہ اور ہسپتال کا قیام ان کا خواب تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کی بھلائی کرکے انسان کو روحانی خوشی ملتی ہے، پسماندہ علاقہ میں جدید ہسپتال کے قیام سے مقامی غریب عوام کو فائدہ ہو گا، تاریخ میں زندہ رہنے کیلئے پیسہ بنانے کی بجائے انسانیت کی خدمت کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے نمل میں تعلیمی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباءمیں سے 97 فیصد کو سکالرشپ ملا ہے، یہاں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد 22 ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر میں ممتاز کاروباری شخصیت انیل مسرت کی مالی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔