وزیراعظم عمران خان کا ”پاکستان سٹیزن پورٹل“ کے باضابطہ افتتاح کی تقریب سے خطاب

102
APP52-28 ISLAMABAD: October 28 - Prime Minister Imran Khan addresses the inauguration ceremony of "Pakistan Citizens Portal" at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور اداروں کی مضبوطی سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، سعودی عرب سے ملنے والے پیکج کی کوئی شرائط نہیں ہیں، مزید بھی خوشخبریاں ملیں گی، قرضوں کا جو پہاڑ ہمیں ورثہ میں ملا ہے، اس سے نکلنے کے لئے سرمایہ کاری لانا ہو گا، نیا پاکستان شہریوں کی جانب سے حکومت کو اپنا سمجھنے سے بنے گا ”پاکستان سٹیزن پورٹل“ سے پہلی بار تمام محکمے، اراکین پارلیمنٹ عوام کو براہ راست جوابدہ ہونگے، اس نظام کے تحت وزیراعظم محکموں کی کارکردگی سے آگاہ ہو گا، پاکستانی تارکین وطن اور سرمایہ کاروں کے مسائل اور شکایات فوری حل کی جا سکیں گی، اس سے سرکاری ملازمین کی میرٹ پر ترقی آسان ہو گی، اس نظام کے تحت جزا اور سزا کا تصور وضع ہو سکے گا ، ہر ماہ شکایات کا ڈیٹا جاری کیا جائے گا۔ اتوار کووزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آفس میں مختلف محکموں، وزارتوں اور دفاتر سے متعلقہ شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کےلئے وضع کیے گئے نظام ”پاکستان سٹیزن پورٹل“ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزرائ، اینکر پرسنز اور متعلقہ حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے نظام کے آغاز پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہیں۔ یہ نئے پاکستان کی علامت ہے، پرانے پاکستان میں عوام کو غلام سمجھا جاتا تھا اور باہر سے آ کر حکمرانی کرنے کا تصور تھا، عوام یہ نہیں سمجھتی تھی کہ حکومت میں اس کی شمولیت ہے، عوام دفاتر میں دھکے کھاتے تھے، پیسے اور طاقت پر ناجائز کام بھی ہو جاتے تھے تاہم کمزور کا جائز کام بھی نہیں ہوتا تھا۔