وزیراعظم عمران خان کا چائنا کونسل کے اجلاس سے خطاب

93

بیجنگ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے، معاشی اصلاحات کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں، چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مسائل کے حل کے لئے سی پیک اتھارٹی قائم کی گئی ہے، گوادر بندرگاہ سی پیک منصوبے کی بنیاد ہے، پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہمیں گھروں کی قلت کا سامنا ہے،5 سال میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آزاد ویزے کی سہولت دی ہے، چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع کمائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی تجارت کے فروغ کے لئے قائم چائنا کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پہلے چین نے پاکستان سے سیکھا اب پاکستان چین سے سیکھ رہا ہے۔ ہمیں چین سے یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے قوم کو کیسے غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک ہے اور چین نے گزشتہ پانچ سال میں کرپشن کے خاتمہ کے لئے وزارتی سطح کے400 افراد کو سزائیں دے کر جیلوں میں ڈالا، ہم بھی بدعنوان افراد کے خلاف ایسی کارروائی کر نا چاہتے ہیں لیکن ہمارا نظام سست ہے، سرخ فیتے کی رکاوٹ بھی کرپشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ امید ہے کہ آہستہ آہستہ صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے اقدامات سے پوری دنیا سیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے30 سالوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔ کرپشن ملکوں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، چین نے کرپشن کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن پر قابو پانے میں کچھ وقت لگے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی کامیابیوں سے سیکھ رہے ہیں۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔سی پیک کے مسائل حل کرنے کے لئے سی پیک اتھارٹی قائم کی ہے۔ گوادر بندرگاہ سی پیک منصوبے کی بنیاد ہے۔ پاکستان کے سٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کریں گے۔