
اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو درپیش مسائل خصوصاً ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ جہاں آبادی سے متعلقہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے وہاں مسلسل گھٹتے ہوئے گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو گرین لائن منصوبے سمیت کراچی میں وفاقی حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ عمران اسماwعیل، معاون خصوصی افتخار درانی، ترجمان ندیم افضل چن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری کابینہ، چیف سیکرٹری سندھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر کے آئی ڈی سی ایل صالح احمد فاروقی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں گرین لائن منصوبے پر پیشرفت اور اس کی فعالیت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی پیکیج کے تحت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تحت صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل دور کرنے میں صوبائی حکومت کی مدد کرنا ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کےلئے ضروری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کراچی جیسے بڑے شہروں کے تمام منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مدنظر رکھا جائے۔