وزیراعظم عمران خان کا ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب

78
APP72-21 ISLAMABAD: December 21 - Prime Minister Imran Khan chairs meeting of the Task-Force on Health. APP

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام الناس کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اور صحت کے شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات اور انکی سروس کے معیار کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، میڈیکل کے شعبے میں ملک کے ایکسپورٹ پوٹیشنل کوبڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ صحت عامر محمود کیانی، وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، وفاقی سیکرٹری صحت، پروفیسر عبدالباری خان، ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر رئیسہ گل، شاہین غنی و دیگر شریک تھے۔ وزیرِ صحت عامر محمود کیانی نے وزیرِ اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں صحت کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات اور اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملک میں نرسنگ کے شعبے میں بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیرِ صحت کی جانب سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ اورڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے قوانین میں ترامیم کے حوالے سے پیش رفت پر آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے مجوزہ ترامیم کے عمل کو دو ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ملک میں ریسرچ اور لیبارٹریزکی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ ایکٹ کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی۔