وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد میں امریکی سینیٹروں کرسٹو فروین ہولن اور مارگریٹ حسن سے ملاقات میں بات چیت

120

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے جاری محاصرہ، کرفیو اٹھانے سے بھارتی حکام کا انکار اور اشیاءضرورت کی شدید قلت، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کے احترام کیلئے آواز اٹھائے۔ یہ بات انہوں نے پیر کواسلام آباد میں امریکی سینیٹروں کرسٹو فروین ہولن اور مارگریٹ حسن سے ملاقات میں کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی اقدامات کے خطے کے امن اور استحکام پر سنگین نتائج کا ہر صورت میں نوٹس لے اور فوری طورپر اقدام کرے۔ امریکی سینیٹرز مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں ازخود معلومات حاصل کرنے اور تفصیلی جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اس ملاقات میں پاکستان اور امریکہ تعلقات اور افغان امن اور مصالحتی عمل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی جارحیت کے بعد خطے کے امن اور استحکام پر سنگین نتائج کا ہر صورت میں نوٹس لے اور فوری طورپر اقدام کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں خطرناک صورتحال میں دوسینیڑوں کے دورہ سمیت کانگریس کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ضر وری اشیاءکی شدید قلت ہے جبکہ بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کے احترام کیلئے آواز اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور امن کی شراکت داری پر مبنی ہیں۔ امریکی سینیٹرز نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو بڑھانے اور وسیع البنیاد طویل مدتی تعلقات کیلئے کام کریں گے۔ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیالات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور امریکہ کی دلچسپی ہے۔ امریکی سینٹر کرسٹو فروین ہولن جنہوں نے پانچ اکتوبر کو میران شاہ کا دورہ کیا تھا، نے علاقے کے ترقیاتی کاموں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مہم میں پاک فوج اور شہریوں کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ دونوں امریکی سینٹرز، جنہوںنے 6 اکتوبر2019 کو آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بھارتی غیر انسانی اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس معاملے پر مستقبل میں بھی رابطے میں رہیں گے۔