
اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا مقصد ملک میں دولت کی پیداوار، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا اور کاروبار میں آسانی ممکن بنانا ہے، ان پالیسیوں سے ملک میں روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، غربت میں کمی آئے گی اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات امریکن بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ امریکن بزنس کونسل پاکستان میں 65 امریکی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم ہے، یہ امریکی کمپنیاں معیشت کے ہر شعبہ میں موجود ہیں۔ وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےلئے سفر میں سہولت اور کاروبار میں آسانی کے ضمن میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو موجودہ حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں حکومت کی طرف سے سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ وفد میں معروف امریکی اور بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیز کے نمائندے شامل تھے۔ وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر عبد الرزاق داو¿د اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔