وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا سیمینار سے خطاب

119

واشنگٹن۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لئے پرعزم ہے، تمام شعبوں میں اصلاحات کی جارہی ہیں جن میں خاص کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانے ، زراعت کو جدید بنانے ، صنعت کو جدید بنانے اور مارکیٹ کی مسابقت کے ذریعے برآمدات بڑھانا شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی اور آئی بی اے کراچی کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان ، ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر سید اکبر زیدی، ڈپٹی گونر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضی سیداور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لئے پرعزم ہے۔تمام شعبوں میں اصلاحات کی جارہی ہیں جن میں خاص کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانے ، زراعت کو جدید بنانے ، صنعت کو جدید بنانے اور مارکیٹ کی مسابقت کے ذریعے برآمدات بڑھانا شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی بہتری کیلئے بھی جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیر خزانہ نے ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت زراعت کی بہتری ، کامیاب کاروبار اور زرعی معیشت میں اصلاحات کے ذریعے پسماندہ افراد کی اصلاح کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ملک کو خود کفیل اور خوشحال بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے افتتاحی کلمات میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے سامعین کو آگاہ کیا۔

سفیر پاکستان نے واضح کیاکہ دو طرفہ سیکٹورل سطح پر بات چیت جاری ہے جن میں توانائی ، موسمیاتی تبدیلی اور سیکورٹی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ڈائریکٹر آئی بی اے نے کہاکہ آئی بی اے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارہ ہے جس کے مالیاتی ماہرین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ،پاکستان کی میکرو اکانومی کو مستحکم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آر ڈی اے کھولنے اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دی۔

سیمینار کے اختتام پر وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔