وزیراعظم عمران خان کی ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے گفتگو

69

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن سے انسانی بحران نے جنم لیا ہے ، مسئلہ کشمیر خطے میں دیرپا امن کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدام سے خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہے، امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لنزے گراہم سینیٹ جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین اور خارجہ امور کمیٹی کے رکن ہیں۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خارجہ سیکرٹری سہیل محمود، پاکستانی سفیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں سینیٹر لنزے گراہم کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن سے انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدام سے خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے میں دیرپا امن کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ افغان تنازعہ کے حل کیلئے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ توقع ہے کہ افغان امن عمل جلد دوبارہ شروع ہوجائے گا۔