
اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد سے متعلقہ امور سے متعلق اجلاس وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان، چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس عامر ذوالفقار اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مثالی شہر بنانے کے حوالہ سے قلیل المدت اور وسط مدتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے حوالہ سے پیشرفت اور انسداد تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو خدمات کی فراہمی تک رسائی میں بہتری اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رسپانسیو گورننس کو یقینی بنانے سے متعلق مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انسداد تجاوزات مہم کے حوالہ سے پیشرفت کی گئی ہے، قبضہ مافیا سے تیمر میں 75 فیصد اراضی، مارگلہ کی پہاڑیوں کے نواح میں 114 کنال، بوٹینیکل گارڈن کی اراضی واگزار کرائی گئی ہے جسے وزارت موسمیاتی تغیر کے حوالہ کیا گیا ہے۔