اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دارلحکومت میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اسلام آباد کے بے ہنگم پھیلاؤ کے پیش نظر اونچی عمارتیں تعمیر کرنا ضروری ہے، کمرشل اور رہائشی منصوبوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ہائی رائز (بلند عمارتوں) کے منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اسلام آباد کے بے ہنگم پھیلاؤ کے پیش نظر اونچی عمارتیں تعمیر کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر رہی ہے، کمرشل اور رہائشی منصوبوں سے قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا جو دوسرے فلاحی کاموں پر خرچ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت ملک کی پہچان ہوتا ہے، اس لئے اسلام آباد کو جدید سہولیات سے آراستہ شہر بنانا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زمینوں کی فروخت میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، قبضہ مافیا اور ناجائز تجاوزات کے خلاف اقدامات میں تیزی لائی جائے، اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم منصوبہ پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے اسلام آباد میں 3 ہائی رائز عمارتوں کے تعمیر کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے جن میں مجموعی طور پر اپارٹمنٹس کی تعداد 14,400 ہوگی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ شہریوں خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے سی ڈی اے نے جدید سہولیات سے آراستہ ون ونڈو سنٹر فعال کر دیا ہے۔
اس سنٹر میں پراپرٹی کے انتقال اور دیگر شہری سہولیات کے بارے ڈیجیٹل پورٹل میسر ہے جس کی بدولت مسائل اور شکایات کے فوری حل میں مدد ملے گی۔