وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں برآمدی کلچر کو فروغ دینے سے متعلق اجلاس

107

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں برآمدات میں اضافہ اور درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مددگار والا ماحولیاتی نظام اور کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، برآمدات میں اضافہ کیلئے نمایاں کارکردگی دکھانے والے برآمد کنندگان کو قومی سول ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ملک میں برآمدی کلچر کو فروغ دینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر، وفاقی وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وفاقی وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کہا کہ ہمیں ایک ماحولیاتی نظام اور ایک ایسا کلچر تیار کرنا ہے جو برآمدات کو بڑھا سکے اور درآمدات پر ہمارا انحصار کم کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے برآمد کنندگان کی ضرورت ہے جنہیں برآمدات میں اضافہ کرنے کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

وزیراعظم نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان کی شکایات کے ازالہ کیلئے پورٹل تیار کیا جائے۔ انہوں نے برآمدات میں پائیدار اضافہ کے لئے متحرک کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جامع پالیسیاں اور شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔

قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ اس سال انہوں نے 10 سال کے جمود کے بعد برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ برآمدی ہدف میں مزید اضافہ کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔