وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالہ سے اجلاس

79
APP93-13 ISLAMABAD: November 13 - Prime Minister Imran Khan chairing a meeting on Local Governor System at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالہ سے منگل کو اجلاس منعقد ہوا جس میں بلدیاتی نظام کی تنظیم پر غورکیا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، مشیر وزیراعظم محمد شہزاد ارباب، وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا، صوبائی وزیر قانون خیبرپختونخوا سلطان خان اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہو گا جس سے ضیاع اور کرپشن ختم ہو گی اور عوام کی اپنی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اپنے ہی نمائندے منتخب ہو کر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبے اور قانون سازی ایسے طریقے سے ہو گی جس کا احتساب عوام براہ راست کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد اور کرپشن کے خاتمہ کےلئے نیا نظام معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود کا کام ان کی اپنی ترجیحات کے مطابق کرانا ہے۔