
اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو قوم کے مجرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، منی لانڈرنگ ملک کو سنگین خطرہ لاحق کرتی ہے لہٰذا سخت اقدامات کی متقاضی ہے۔ انہوں نے یہ بات منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کوششوں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل سیّد عاصم منیر احمد، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین ایف بی آر، ڈی جی اے این ایف، ہوم سیکرٹریز اور دیگر سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو منی لانڈرنگ کے انسداد کیلئے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص منی لانڈرنگ کے حوالہ سے انتظامی اور قانون سازی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قوم کے مجرم ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک ذاتی خزانہ بھرنے کی روش سے نہ صرف ملک سنگین صورتحال سے دوچار ہوا ہے بلکہ قوم کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ ملک کو سنگین خطرہ لاحق کرتی ہے لہٰذا یہ سخت اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ وزیراعظم نے تمام فریقین کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ اس قسم کی کارروائیوں میں ملوث مجرم سزا سے نہیں بچنے چاہئیں۔