وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد ،نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت ، افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

77

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور معاشی طور پر ان کی مدد کرے ، افغانستان میں فوری نوعیت کی انسانی ضروریات پورا کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار سعودی ولی عہد ،نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ اس موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد سے افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے پاکستان کی طرف سے حمایت کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم نے حال ہی میں سعودی ولی عہد کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے اعلان کردہ دو تاریخی اقدامات پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں مشرق وسطیٰ کے گرین انیشیٹو کی اس سال اکتوبر میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی استحکام کے لئے نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور تعمیر نو میں ان کی مدد کرے۔ وزیراعظم نے فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور افغانستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی حل کی اہمیت پر اتفاق کیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عالمی برادری کو کسی بھی انسانی اور پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے کے لئے اپنی مصروفیات کو بڑھانا چاہئے ۔ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔