وزیراعظم عمران خان کی مضبوط آواز سے اسلام مخالف پروپیگنڈہ دم توڑ رہا ہے اور اسلام کا اصل بیانیہ سامنے آنے لگا ہے ، مرادسعید

107

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیربرائےمواصلات و پوسٹل سروسز مرادسعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مضبوط آواز سے اسلام مخالف پروپیگنڈہ دم توڑ رہا ہے اور اسلام کا اصل بیانیہ سامنے آنے لگا ہے ، جن کے کرپشن کا پیسہ باہر پڑا ہو وہ اپنے ملک اور دین کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے بلکہ وہ ڈو مور کا حکم بجا لاتے ، جو باہر دنیا سے اقتدار میں آنے کی درخواستیں کرتے ہیں ان کے جھکے ہوئے سرقوموں کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور روس کے صدر پیوٹن کا اسلامیوفوبیا کے خلاف عمران خان کی آواز میں آواز ملانے پر اپنے بیان میں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم بنتے ہی عمران خان نے عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی۔ دنیا نے وہ منظر دیکھا جب اقوام متحدہ کا ایوان دین کے پیغام سے گونجا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو آئینہ دکھایا اور اسلام کو دہشت گردی سے جوڑے جانے کی منظم مہم اور سازش کو دلائل سے نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجوڑا ۔

اربہا مسلمانوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اظہار رائے کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری سے عمران خان نے دنیا کو آگاہ کیا ۔ مراد سعید نے کہا کہ ہر بڑے فورم پر ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کا مقدمہ لڑا ، عمران خان نے اسلام کا اصل بیانیہ پہنچانے اور مغرب کے پروپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے کے لئے اور ہیٹ سپیچ کے خلاف امریکہ میں متفصل گفتگو کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ ، ورلڈ اکنومک فورم کے علاوہ مسلم دنیا کے فورم او آئ سی کو بھی خطوط لکھے ۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام کا اصل بیانیہ پہنچانے اور اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے لئے اردوان ، مہاتیر محمد سمیت عالمی اسلام کے رہنماؤں سے رابطے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر لوگ کہتے رہے کہ تقریروں سے کیا ہوتا ہے ۔

آج دنیا میں اسلاموفوبیا کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہے۔ روس کے صدر پیوٹن کے بعد جسٹن ٹروڈو بھی اب اسلاموفوبیا کے خلاف بول اٹھے۔ مراد سعید نے کہا کہ آج نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام عمران خان پر فخر کرتا ہے کہ اسلام کو دہشت گرد کہنے کی بجائے دہشت گردی کے شکار ہونے ہیٹ سپیچ کا نشانہ بننے پر گفتگو ہو رہی ہے ۔

آج عمران خان کی گفتگو دنیا سنتی ہے ، عمران خان عالم اسلام کے لیڈر کے طور پر سامنے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک سوال کر رہا ہے کہ ایک منظم مہم کے زریعے اسلم کو دہشت گردی سے جوڑا گیا تو سیاسی مولوی اور نام نہاد لبرل سیاستدان کیوں خاموش تھے ؟ ۔ ہم نے 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن الزام بھی ہمارے اوپر آتا رہا آپ کیوں خاموش تھے ؟ ۔

گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کی دل آزادی پر کیوں عمران خان کے علاوہ سابقہ تمام حکمران خاموش رہے ؟ ۔ جنکے کرپشن کا پیسہ باہر پڑا ہو وہ اپنے ملک اور دین کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے بلکہ وہ ڈو مور کا حکم بجا لاتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو باہر دنیا سے اقتدار میں آنے کی درخواستیں کرتے ہو انکے جھکے ہوئے سر ہوتے ہیں وہ قوموں کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے ۔

سابقہ حکمران لاؤ لشکر لیکر مہنگے ہوٹلوں میں قیام، خصوصی پروازوں پر توجہ دیتے تھے ہاتھ میں پرچی ماتھے پر پسینہ ہوتا تھا اور جاب اپلیکشن ہوتی تھی جبکہ عمران خان عام فلائٹ سے جاکر ملک کاپیسہ بچا کر قوم کا مقدمہ لڑنے جاتے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کی ایک مگر مضبوط آواز سے اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ دم توڑ رہا ہے اور اسلام کا اصل بیانیہ سامنے آنے لگا ہے جس پر پورا ملک اور خاص کر اوورسیز پاکستانی جنکو سب سے زیادہ ہیٹ سپیچ کا سامنا کرنا پڑا تھا وہ خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے وزیراعظم کا شکریہ ادا کر رہے ہیں ۔

پاکستانی میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنے وزیراعظم کے اسلام اور مسلمانوں کے لئے کاوش میں ساتھ دے اور عالم اسلام کا اصل بیانیہ دنیا تک پہنچائے ۔وفاقی وزیر مراد سعید نے عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف عمران خان کے تقریروں کے ویڈیوز بھی ریلیز کیں۔