وزیراعظم عمران خان کی وزارتِ صنعت و پیداوار کو سٹیل مل کی بحالی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

99

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو سٹیل مل کی بحالی کے سلسلہ میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیل مل کو نقصانات سے بچانا اور اس کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان سٹیل مل کی بحالی کے حوالہ سے پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار، سیکرٹری نجکاری ڈویژن و دیگر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم کو سٹیل ملز کی موجودہ صورتحال، مل کی بندش کی وجہ سے ہونے والے نقصانات، سٹیل مل کی بحالی کے سلسلہ میں موجودہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں پر اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سٹیل مل 2008ءتک منافع بخش ادارہ تھا جو کہ 2009ءمیں نقصانات کا شکار ہوا اور جون 2015ءمیں سٹیل مل کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ ادارہ مسلسل خسارے کا شکار رہا ہے۔ محض ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کے ضمن میں حکومت 37کروڑ ماہانہ اخراجات برداشت کر رہی ہے۔