اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):سابق مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے اعتماد اور مشیر برائے قومی سلامتی کی ذمہ داری سونپنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اپنے عظیم ملک کی خدمت کرنا بڑا اعزاز ہے، اڑھائی سال کا یہ ناقابل یقین سفر ہمیشہ پسند کروں گا۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے قومی سلامتی ڈویژن اور سٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل کی پوری ٹیم کا ان کی حمایت کرنے اور قومی مقصد میں حصہ ڈالنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگ ایسے خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں کسی اعلیٰ عہدے پر اپنے ملک کی خدمت کا موقع ملتا ہے جبکہ میری عمر میں بہت کم لوگ ہی ایسا کر پاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس بے پناہ ذمہ داری کے ساتھ مجھ پر اعتماد کرنے اور مشیر قومی سلامتی کے طور پر اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرنے کی اجازت دینے کے لئے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اہم قومی مقصد میں حمایت فراہم کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ہم مل کر کئی سنگ میل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جو ملک کے لیے دیرپا اثرات کے حامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری موجودگی کو سراہا اور جنہوں نے میرے کام پر تنقید کی، اس سے جہاں مجھے حوصلہ ملا وہاں مزید بہتری کے لئے مجھے اور میری ٹیم کو اور زیادہ کوشش کرنے پر مجبور کیا، اپنے عظیم ملک کی خدمت کرنا بڑا اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر معید یوسف کو 24 دسمبر 2019 کو قومی سلامتی ڈویژن اور سٹریٹجک پالیسی پلاننگ پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل اکتوبر 2019 میں انہیں نیشنل سکیورٹی ڈویژن (این ایس ڈی) کے تحت سٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل کا چیئرمین بنایا گیا تھا، 17 مئی 2021 کو مشیر برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا۔
ڈاکٹر معید یوسف نے اڑھائی سال میں شہریوں اور معاشی تحفظ پر مرکوز ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کا کام کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ انہوں نے اپنی نوعیت کے پہلے "اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ” کا بھی اہتمام کیا، جو مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کے لیے بنیادی سیکیورٹی مسائل پر مباحثے و مکالمے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا ۔