اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان20 اور 21 نومبر کو ملائشیا کا دو روزہ سرکاری دورہ کریںگے، اعلی سطح کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہو گا۔ جمعرات کودفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مئی 2018ءمیں ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی سربراہ کا ملائشیا کا یہ پہلا سرکاری جبکہ وزیر اعظم عمران خان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا۔ دونوں وزارءاعظم کے مابین ون ٹو ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی عزت و احترام، مشترکہ عقائد، ثقافت اور دوستی، افہام و تفہیم کے مستحکم بنیادوں پر تعلقات استوار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی و تجارتی تعلقات بڑھانے میںمعاون ثابت ہوگا۔