وزیراعظم محمد شہباز شریف 7 اور8 نومبر کو دو روزہ دورہ پر مصر روانہ ہوں گے،  مریم اورنگزیب

132

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 7 اور8 نومبر کو دو روزہ دورہ پر مصر روانہ ہوں گے، وزیراعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں شروع ہونے والی کانفرنس آف پارٹیز(کوپ)۔ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کوپ۔ 27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ موسمیاتی انصاف کے مسائل پر فوری کارروائی کی ضرورت پر غور کیا جائے گا۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم ورلڈ لیڈرز سمٹ کے دوران سربراہان مملکت سے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شرم الشیخ میں کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئترس سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپنے ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ ایک اعلی سطحی گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم7 نومبر کو ”مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ” میں بھی شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ کے دوران متعدد عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیںکریں گے، کوپ ۔27 ایک ایسے موقع پر منعقد ہو رہی ہے جب پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں لاکھوں افراد موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ وفدکوپ۔ 27 کی تمام اہم کمیٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، پاکستانی وفد ان کمیٹیوں میں کاربن کے کم اخراج والے ممالک کو درپیش خطرے پر بھی بات کرے گا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اس کانفرنس میں گروپ آف۔ 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔