اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے بنیادی ڈھانچہ میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ متبادل توانائی کی جانب منتقلی میں مدد ملے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں توانائی کے وسائل بیورو کے اسسٹنٹ سیکرٹری جیفری پیاٹ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ پیاٹ پاک-امریکہ انرجی سیکیورٹی ڈائیلاگ کے لئے امریکی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان امریکہ انرجی سکیورٹی ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے بنیادی ڈھانچہ میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تا کہ متبادل توانائی کی طرف منتقلی میں مدد ملے۔ اسسٹنٹ سیکرٹری نے قابل تجدید توانائی کی پالیسی پر پاکستان کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، صحت، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں جاری مذاکرات اور تعاون کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے اقتصادی ترقی، توانائی کی حفاظت، سیلاب سے بحالی کی طویل مدتی کوششوں میں شراکت داری، اور دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک امریکہ انرجی سکیورٹی ڈائیلاگ ایک مشترکہ اقدام ہے جس کا مقصد توانائی کی حفاظت کو فروغ دینا ہے اور یہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ توانائی کی ترجیحات، قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو آگے بڑھانے، اور توانائی کے شعبے میں اقتصادی اور تجارتی مواقع کی تلاش کے لئے اعلیٰ سطحی بات چیت کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران اسسٹنٹ سیکرٹری برائے سمندر، ماحولیات اور سائنس مونیکا میڈینا جو کہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں، نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ پاک امریکہ موسمیاتی اور ماحولیات ورکنگ گروپ کی میٹنگز کے لئے ایک وفد کی قیادت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کی تعریف کی جس کے ساتھ حکومت پاکستان نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی وسطی ایشیا الزبتھ ہورسٹ، اور چیف کلائمیٹ آفیسر، ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی)، جیک لیوین، بھی وفد میں شامل تھے۔
سینئر امریکی سفارت کاروں نے بائیڈن انتظامیہ کی پاکستان امریکہ تعلقات ,تجارت اور سرمایہ کاری، صحت، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقا ت میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے پاور انجینئر خرم دستگیر، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، جہانزیب خان اور سید فہد حسین بھی موجود تھے۔