جنیوا۔9جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر کی جنیوا میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے محمد الجاسر کا کانفرنس میں شرکت پر خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے صدر اسلامی ڈویلپمنٹ بینک کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تباہی اور حکومت کے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
صدر اسلامی ڈویلپمنٹ بینک نے وزیراعظم کو پاکستان کے ساتھ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ڈویلپمنٹ بینک کیلئے پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، اسلامی ڈویلپمنٹ بینک مصیبت میں گھرے پاکستانی بہن بھائیوں کی اپنے تمام تر وسائل برؤئے کار لا کر مدد کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد الجاسر کا سیلاب زدگان کی مدد اور پاکستان کے ساتھ تعاون پر بھرپور شکریہ ادا کیا اور انہیں حکومت کے پاکستان میں درآمدی ایندھن پر انحصار کو کم کرکے قابل تجدید توانائی کے ذرائع بروئے کار لانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے محمد الجاسر کو حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ کے سولر منصوبے کے بارے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس سے حکومت نہ صرف کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا کر سکے گی بلکہ درآمدی ایندھن کا بل بھی خاطر خواہ کم ہوگا۔